ہومپاکستانمیری بہن کو شوہر نے گولی مار کر قتل کیا‘، ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ بھائی کی مدعیت میں درج

میری بہن کو شوہر نے گولی مار کر قتل کیا‘، ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ بھائی کی مدعیت میں درج

راولپنڈی پولیس نے نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کی اینکر پرسن اور پروگرام میزبان ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں مقتولہ کے شوہر احسن طاہر کو نامزد کیا گیا ہے۔

اینکر پرسن ربیعہ احسن کو بروز اتوار راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر واقع گلشن آباد سیکٹر 2 میں گھر کے بیڈ روم میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں ان کے شوہر نے فائرنگ کو حادثاتی قرار دیا تھا۔

یہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران راولپنڈی میں خاتون کے قتل اور ایف آئی آر میں ان کے شوہر کو نامزد کیے جانے کا دوسرا ہائی پروفائل کیس ہے۔ اس سے قبل 20 اگست کو 45 سالہ حنا جاوید کی لاش صبح لال کرتی کے اپارٹمنٹ کے باتھ روم سے اس حالت میں برآمد ہوئی تھی کہ ”دونوں ہاتھ پیچھے کپڑے سے بندھے ہوئے، منہ پر کپڑا دیا ہوا، اور گردن میں لپٹی تار اوپر نہانے والے شاور سے بندھی ہوئی تھی۔“

قتل کے اس اندوہناک واقعہ کی ایف آئی آر بھی مقتولہ کے کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں درج ہوئی جس میں مقتولہ کے شوہر، سسر، اور گھریلو ملازم کو نامزد کیا گیا۔

ربیعہ احسن کی ایف آئی آر ان کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں درج کی گئی ہے جس میں دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی اسلام آباد سے اپنی بہن کے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں بہن علوینہ نے فون کرکے گھر میں فائرنگ کی اطلاع دی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ کی والدہ اور بہن مقتولہ کے گھر میں ہی رہائش پذیر تھیں اور جس وقت گولی چلی وہ اس وقت گھر کے لان میں موجود تھیں۔

درج مقدمہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقتولہ کی بہن گولی کی آواز سن کر کمرے میں پہنچی تو ربیعہ احسن خون کو فرش پر خون میں لت پت پایا جبکہ ان کے شوہر احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔

مدعی نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا ہے کہ احسن طاہر نے ان کی بہن کو گولی مار کر قتل کیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش جس وقت تحویل میں لی گئی اس وقت اس کے گلے کے نیچے اور پشت پر زخم کے نشان تھے جن سے خون رس رہا تھا۔ پولیس کے مطابق فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے اور 30 بور کا پستول اور گولیاں تحویل میں لے لیں۔

ملزم احسن طاہر نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اسی پستول سے اپنی بیوی پر فائر کیا تاہم وہ اسلحے کا لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کرسکا۔

ذرائع کے مطابق ربیعہ احسن کے شوہر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ مقتولہ 2 بیٹیوں کی والدہ تھیں۔ انہیں مبینہ طور پر اتوار کی رات تقریباً 3 بجے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔