ہومپاکستانبرطانوی سکیورٹی وزیر ڈین جاروس کا دورہ پاکستان، انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

برطانوی سکیورٹی وزیر ڈین جاروس کا دورہ پاکستان، انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی ہجرت کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز): برطانیہ کے سکیورٹی وزیر ڈین جاروس نے پاکستان کا پہلا دورہ مکمل کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ دورے کے دوران دہشت گردی، سنگین منظم جرائم، غیر قانونی ہجرت، ویزا فراڈ اور علاقائی استحکام سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی سکیورٹی وزیر نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ سیاسی، عسکری اور قانون نافذ کرنے والے حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں مشترکہ سکیورٹی ترجیحات پر عملی تعاون بڑھانے، معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانے اور دہشت گرد و جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر ڈین جاروس نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال، انسداد دہشت گردی اور سنگین منظم جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی سکیورٹی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کو مشترکہ سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے اور ان سے مل کر نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، منظم جرائم، غیر قانونی ہجرت اور ویزا فراڈ سرحدوں تک محدود نہیں رہتے، اس لیے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قابل اعتماد شراکت داروں کے ساتھ عملی تعاون ناگزیر ہے۔

ڈین جاروس نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنا ہے، جس کے تحت جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کو روکنے، اہم معلومات کے بروقت تبادلے اور برطانیہ سمیت دونوں ممالک کی آبادیوں کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برطانیہ اور پاکستان مشترکہ خطرات کے خلاف تعاون جاری رکھتے ہوئے اپنے شہریوں کے تحفظ اور علاقائی سلامتی کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔