اسلام آباد:
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ بین الاقوامی سطح پر ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (CACCI) کے نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ وہ سال 2027-28 کے لیے یہ اہم ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
عاطف اکرام شیخ کا عالمی تجارتی تنظیم میں اعلیٰ عہدے پر انتخاب پاکستان کی کاروباری برادری کے لیے ایک بڑا اعزاز اور ملکی کاروباری تشخص کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی کامیابی کو بزنس رہنماؤں نے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔
کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر پیٹر میک مولن نے عاطف اکرام شیخ کی کاروباری اور تنظیمی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا نائب صدر منتخب ہونا ان کے لیے اعزاز اور پاکستان کی کاروباری برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔ وہ عالمی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری کے مسائل، ترجیحات اور مفادات کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسیفک خطے میں پاکستان کے تجارتی تعلقات اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پاکستان کی معیشت، تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے عالمی کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔
عاطف اکرام شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایشیا پیسیفک ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
بزنس کمیونٹی رہنماؤں نے عاطف اکرام شیخ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب عالمی سطح پر پاکستان کی کاروباری برادری کے وقار اور تشخص میں اضافے کا باعث بنے گا۔
