اسلام آباد (سب نیوز)یوتھ فورم فار کشمیر کے 40 رکنی وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر زمان باجوہ کی قیادت میں وزارت خارجہ کا دورہ کیا، جہاں ترجمان دفتر خارجہ سفیر سجاد حیدر خان نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات پر بریفنگ دی۔ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ کے دوران پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم نکات بالخصوص مسئلہ جموں و کشمیر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کشمیری عوام کے جائز حقوق اور امنگوں کے لیے پاکستان کے اصولی اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔سفیر سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر مسئلہ جموں و کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مستقل مقف ہے کہ اس دیرینہ تنازع کا منصفانہ، پرامن اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
بریفنگ کے بعد سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں شرکا نے پاکستان کی خارجہ پالیسی، سفارتی ترجیحات اور قومی مفادات کے تحفظ و فروغ میں وزارت خارجہ کے کردار سے متعلق مختلف سوالات کیے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔وزارت خارجہ کے دورے سے نوجوان شرکا کو پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں، خارجہ پالیسی کے مقاصد اور کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو سمجھنے کا موقع ملا۔
یوتھ فورم فار کشمیر کے 40رکنی وفد کا وزارت خارجہ کا دورہ، ترجمان دفتر خارجہ کی مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بریفنگ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
