ہومتازہ ترینپاکستان اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹس کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پاکستان اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹس کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹس کے درمیان عدالتی تعاون، جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے اور عدالتی اصلاحات کے فروغ کے لیے دوطرفہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس جسٹس یحیی آفریدی اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس جو ہی دے نے سیول میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ان دنوں کوریا کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں آمد پر کوریا کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کی اعلی عدالتوں کے درمیان عدالتی وفود کے تبادلے، ججوں اور عدالتی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت، مشترکہ تحقیق، عدالتی تعلیم اور ادارہ جاتی تجربات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔معاہدے میں عدالتی اصلاحات، الیکٹرانک عدالتی نظام، ڈیجیٹل انصاف، مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال، اسمارٹ عدالتوں، عدالتی اعدادوشمار کے تجزیے اور سائبر سکیورٹی جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے عدالتی وفود کے دوروں، ماہرین کے تبادلے، مطالعاتی دوروں، مشترکہ کانفرنسوں اور سیمینارز کے انعقاد سمیت اعلی سطح پر باقاعدہ عدالتی مکالمے کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران چیف جسٹس یحیی آفریدی نے جمہوریہ کوریا کی نیشنل کورٹ ایڈمنسٹریشن کے وزیر جسٹس نو گیونگ پِل سے بھی ملاقات کی، جس میں عدالتی انتظامی امور، ادارہ جاتی نظم و نسق اور انصاف کی فراہمی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف جسٹس نے کوریا کی سپریم کورٹ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کا دورہ بھی کیاجہاں انہیں ڈیجیٹل عدالتی نظام، عدالتی انتظام اور ٹیکنالوجی کے ذریعے فراہم کی جانے والی عدالتی خدمات میں کوریا کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان میں جاری عدالتی اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کے تناظر میں کوریا کے تجربات سے استفادے اور ادارہ جاتی تعاون کے ممکنہ شعبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔جمہوریہ کوریا میں پاکستان کے سفیر سید معظم شاہ بھی چیف جسٹس کے ہمراہ رہے اور تمام ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں شرکت کی۔مفاہمت کی یادداشت پر دستخط دونوں ممالک کی اعلی عدلیہ کے درمیان ادارہ جاتی روابط کے فروغ، عدالتی تجربات کے تبادلے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نظام انصاف کو مزید موثر بنانے کے لیے تعاون کی نئی بنیاد فراہم کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔