اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں جرمنی کی سفیر ڈاکٹر اِنا لیپل نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔جرمن سفیر نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر کلب کے بین الاقوامی رابطہ پروگرام میٹ دی پریس کے تحت صحافیوں کے ساتھ ایک خصوصی اور تعاملی نشست کے دوران کیا۔
نیشنل پریس کلب پہنچنے پر صدر عبدالرزاق سیال، سیکریٹری فرقان را، گورننگ باڈی کے ارکان اور سینئر صحافیوں نے سفیر ڈاکٹر اِنا لیپل کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر جرمن سفیر نے نیشنل پریس کلب کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور کلب کے احاطے میں پودا بھی لگایا، جو پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستی، باہمی تعاون اور ماحولیاتی تحفظ کی علامت ہے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اِنا لیپل نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی سال گزرنے کے باوجود پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارتی حجم میں وہ مطلوبہ اضافہ نہیں ہو سکا جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ اس لیے دونوں ممالک کو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔جرمن سفیر نے پاکستان کی امن کے قیام اور علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو بھی سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔نیشنل پریس کلب کے عہدیداران نے جرمن سفیر کے دورے کو پاکستان اور جرمنی کے درمیان عوامی روابط، صحافتی تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، جرمن سفیر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
