ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم کی سرکاری سکولوں میں اصلاحات فوری نافذ کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی سرکاری سکولوں میں اصلاحات فوری نافذ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں انفراسٹرکچر اور نصاب سمیت تمام اصلاحات فوری نافذ کرنے کی ہدایت کردی اور طلبا و طالبات کو مفت لنچ دینے اور سرکاری اسکول بسوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد کے سرکاری سکول اصلاحات پر اجلاس ہوا جس دوران شہبازشریف نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو فعال ادارہ بنانے کیلئے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں انفراسٹرکچر کے تمام مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں، طلبا و طالبات کو سکولوں میں محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعظم نے طلبا و طالبات کی غذائی نشونما یقینی بنانے کیلئے مفت لنچ دینے ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی کو سرکاری سکولوں کے مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کی ہدایت کر دی۔

ان کا کہناتھا کہ اسلام آباد کے تمام سکولوں میں اسمارٹ بورڈز جلد نصب کیے جائیں،سرکاری اساتذہ تعلیم و تدریس کے علاوہ کسی اور سرگرمی میں حصہ نہ لیں گے۔شہبازشریف نے سرکاری سکول بسوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے ، سکول بسوں کی آوٹ سورسنگ اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی بھی ہدایت کی۔شہبازشریف کا کہناتھا کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں جبکہ سرکاری سکولوں میں سولرائزیشن کے فروغ کی بھی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی طلبا و طالبات کے لیے تمام سرکاری سکولوں میں ریمپ بنائے جائیں،سرکاری اسکولوں میں بہترین طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔اجلاس میں سرکاری سکولوں میں نصاب، انفراسٹرکچر اور دیگر امور کی سروے رپورٹ پیش کی گئی ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسکولوں کا سروے ستمبر 2026 میں کیا گیا، زیادہ سکولوں میں انٹرنیٹ،پینے کا پانی،کمپیوٹر لیب اور دیگر سہولیات دستیاب ہیں

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔