اسلام آباد(سب نیوز)صدرِ مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح 11 بجے طلب کر لیا ،مشترکہ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ اجلاس میں اس اہم معاملے پر غور کیا جائے گا،
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قومی اسمبلی اور سینیٹ نے قراردادیں منظور کرلی ہیں، جبکہ صدارتی اقدام کی منظوری کے لیے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کل صبح 11 بجے طلب کرلیا گیا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر مملکت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے آئینی تقاضے پورے کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ نے آئین کے آرٹیکل 232 کے نفاذ سے متعلق قراردادیں منظور کی ہیں۔وزیر پارلیمانی امور کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے صدارتی اقدام کی منظوری کے لیے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کل صبح 11 بجے ہوگا، جس میں آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت صدارتی اقدام کی منظوری دی جائے گی۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کل طلب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
