ہومبریکنگ نیوزپی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کے ساتھ ہے: خواجہ آصف

پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کے ساتھ ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا سب سے بڑا جرم دہشت گردی کے خلاف جنگ سے لاتعلقی ہے بلکہ بھتے کی صورت میں مالی وسائل مہیا کرنا ہے، پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کے ساتھ ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر پیغام میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو محض پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمی، احتجاج یا لانگ مارچ کے تناظر میں دیکھنا اصل مسئلے سے نظریں چرانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ آخر ایک صوبائی حکومت کی جانب سے کب تک وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی کوششیں ہوتی رہیں گی؟ آخر صوبائی حکومت پر براجمان پارٹی کب تک ملک کے وفاقی اداروں کے ساتھ مسلسل محاذ آرائی جاری رکھے گی اور اس کے کیا نتائج نکلیں گے؟
انہوں نے مزید پوچھا کہ کیا خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خطرے کے مقابلے میں صوبائی حکومت نے اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داری پوری کی ہے؟

خواجہ آصف نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت پختونخواہ میں بنی ہے، ایک ہی ایجنڈا رکھا ہے، اپنی جیبیں گرم کرنا، سرکاری خزانہ لوٹنا، لوٹ کے مال کا حصہ لیڈرشپ کو پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے جنازوں میں صوبائی حکومت کی عدم موجودگی، ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی سے انحراف، دہشت گردی کے لیے سازگار بیانیہ بنانا اور سہولت کاری، پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد میں مطلوبہ اضافے سے غفلت، اور ضم شدہ اضلاع میں مؤثر گورننس پر عمداً کوئی توجہ نہ دینا جیسے انتظامی معاملات بھی زیرِنظر رکھنے چاہئیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ امن و امان، انسدادِ دہشت گردی، فنکشنل حکمرانی، وفاقی استحکام اور متعلقہ آئینی و قانونی تقاضوں کی تکمیل ہمارا قومی ایجنڈا ہے، پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا ان کا نصب العین ایک شخص یا اپنے گروہی مفادات کا حصول ہے یا وطن عزیز کے ایجنڈے کی تکمیل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔