ہومبریکنگ نیوزسی ڈی اے کا سینٹورس مال کی عارضی سائٹ 7 روز میں خالی کرنے کا حکم

سی ڈی اے کا سینٹورس مال کی عارضی سائٹ 7 روز میں خالی کرنے کا حکم

اسلام آباد:(سب نیوز) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سینٹورس مال، بلیو ایریا میں عارضی سائٹ اور مارکیٹنگ دفاتر کی تعمیر کی اجازت منسوخ کرتے ہوئے متعلقہ کمپنی کو 7 روز میں سی ڈی اے کی اراضی خالی کرنے کی ہدایت کردی۔سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف اربن پلاننگ-I کی جانب سے 11 ستمبر 2026 کو جاری کیے گئے خط کے مطابق پلاٹ نمبر 01، سینٹورس مال، بلیو ایریا، ایف-8، اسلام آباد میں 160×272 فٹ (8 کنال) رقبے پر عارضی سائٹ قائم کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
خط کے مطابق سی ڈی اے کے اربن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے 10 مارچ 2026 کو مذکورہ عارضی سائٹ کا معائنہ کیا، جہاں متعدد کنٹینرز میں مزدوروں کی رہائش، بیت الخلا، وضو کے علاقے کے ساتھ عارضی مسجد، بیڈمنٹن کورٹس اور تعمیراتی سامان موجود پایا گیا۔سی ڈی اے کے مطابق سائٹ پر کوئی مارکیٹنگ افسر موجود نہیں تھا جبکہ مذکورہ تعمیرات اور سرگرمیاں اجازت نامے میں طے شدہ شرائط کے خلاف تھیں۔
خط میں کہا گیا کہ عارضی سائٹ کی اجازت دو سال کے لیے دی گئی تھی، جس کی مدت ختم ہوچکی ہے اور سی ڈی اے سے اس کی تجدید بھی نہیں کرائی گئی۔سی ڈی اے نے مذکورہ اجازت فوری طور پر منسوخ/واپس کرتے ہوئے متعلقہ فریق کو ہدایت کی ہے کہ واجبات پے آرڈر یا بینک ڈرافٹ کی صورت میں جمع کرائے اور سی ڈی اے کی زمین 7 روز کے اندر خالی کردے۔نوٹس کے مطابق 6 مارچ 2024 سے 5 مارچ 2026 تک کے دو سال کے واجبات 3 کروڑ 87 لاکھ 61 ہزار 769 روپے جبکہ 6 مارچ 2026 سے 5 ستمبر 2026 تک مزید چھ ماہ کے واجبات 96 لاکھ 90 ہزار 443 روپے بنتے ہیں۔سی ڈی اے نے مجموعی طور پر 4 کروڑ 84 لاکھ 52 ہزار 212 روپے کے واجبات طلب کیے ہیں۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں زمین خالی نہ کرنے کی صورت میں سی ڈی اے بغیر مزید نوٹس کے اپنے اخراجات پر زمین خالی کراسکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔