اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی انویسٹمنٹ کانفرنس اینڈ ایکسپو 2026 کا چوتھا ایڈیشن 10 اور 11 اکتوبر کو اسلام آباد کے بیسٹ ویسٹرن پریمیئر ہوٹل میں منعقد ہوگا۔
کانفرنس اور ایکسپو کا انعقاد برین ڈیزائنر کے اشتراک سے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) کے تعاون سے کیا جا رہا ہے، جس کا موضوع ”پائیدار مستقبل کے لیے مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ سیاحت“ رکھا گیا ہے۔
دو روزہ تقریب میں سیاحت اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبے سے وابستہ اہم اسٹیک ہولڈرز، سرمایہ کار، پالیسی ساز، ماہرین اور پیشہ ور افراد شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں پاکستان کے سیاحتی شعبے میں جدت، سرمایہ کاری، شمولیت اور پائیدار ترقی کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
ایکسپو میں سیاحت و ہاسپیٹیلٹی سرمایہ کاری، میڈیکل ٹورازم، ایوی ایشن ٹورازم، ایڈونچر ٹورازم، مذہبی سیاحت، سیاحت و ہاسپیٹیلٹی تعلیم جبکہ ماحول دوست اور پائیدار سیاحت سمیت مختلف شعبوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
تقریب کے دوران انویسٹر کنیکٹ سیشنز، پینل مباحثے، نمائش، ایوارڈز اور گالا ڈنر کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جس سے کاروباری روابط، معلومات کے تبادلے اور سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پلیٹ فارم میسر آئے گا۔
کانفرنس کا مقصد پاکستان کو ایک مسابقتی، جدید اور پائیدار سیاحتی مرکز کے طور پر اجاگر کرنا اور ملکی سیاحت و ہاسپیٹیلٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
