ہومتازہ ترینمکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش قابل مذمت، سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، وزیراعظم

مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش قابل مذمت، سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، وزیراعظم

پاکستان نے مکہ مکرمہ پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے غیر متزلزل طور پر سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے قریب رکھتا ہے۔
ان کا یہ بیان سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے حوثی دہشتگرد ملیشیا پر مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کے الزام کے بعد سامنے آیا ہے۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ڈرون ‘دہشتگرد حوثی ملیشیا’ کی جانب سے لانچ کیا گیا تھا جس کو مکہ کی ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی جنوب رخ پر روک کر تباہ کر دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اور افسوسناک اقدام پر غمزدہ اور سخت تشویش میں مبتلا ہیں،اس قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی اقدام پر ہمارے دلوں میں موجود گہرے دکھ اور کرب کو بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سعودی افواج نے فوری اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے خطرے کا بھرپور مقابلہ کیا، سعودی مسلح افواج کی غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مزید کشیدگی سے پیچھے ہٹیں، ہمارا خطہ پہلے ہی تنازعات کی بہت بھاری قیمت ادا کر چکا ہے، مکالمہ اور سفارت کاری ہی خطے میں پائیدار امن کی جانب واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔
علاوہ ازیں وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے مکہ مکرمہ پر حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی حوثیوں کی کوشش محض جارحیت نہیں بلکہ اسلام کی مقدس ترین سرزمین کی حرمت کی کھلی اور انتہائی قابلِ مذمت پامالی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حرمین شریفین کسی جنگ کا میدان نہیں اور نہ ہی کسی کے سیاسی یا عسکری عزائم کے لیے مقدس مقامات کی حرمت کو نشانہ بنانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ حرمین شریفین کو نشانہ بنانا یا ان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش ایک ایسا ناقابلِ جواز اور ناقابلِ قبول اقدام ہے جس کا کسی بھی بہانے دفاع نہیں کیا جا سکتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔