اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم پر پیشرفت کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے دوران درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کردی جائے گی، جبکہ ملک بھر، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پٹرول پر ریلیف حاصل کیا جاسکے گا۔
وزیراعظم نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔وزیراعظم نے ملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہاکہ رضاکار عوام کو فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں۔
وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم تیز رفتاری سے چلائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں اور اسکیم کی کامیابی کے لیے عوام کو بروقت معلومات اور رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ریجن میں اسکیم کے آغاز سے آج سہ پہر تک 6 لاکھ سے زیادہ ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں، جن میں سے 42 ہزار 933 درخواست گزار پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے لیے کامیابی سے رجسٹر ہوچکے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے لیے رجسٹریشن میں صرف چار معلومات درکار ہوں گی۔ ان میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق ملک، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، علی پرویز ملک، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔
فیول سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچائے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
