اسلام آباد (آئی پی ایس )قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی ناروے کے بادشاہ ہاکون ہشتم کو تخت سنبھالنے پر دلی مبارکباد،قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے ناروے کے بادشاہ ہاکون ہشتم کو تخت ناروے سنبھالنے پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی خط میں قائم مقام صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بادشاہ ہاکون ہشتم کی قیادت میں ناروے امن، جمہوریت، خوشحالی اور سماجی ترقی کی راہ پر مزید آگے بڑھے گا۔
انہوں نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی احترام کے رشتوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اور عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔قائم مقام صدر نے پارلیمانی تعاون کے فروغ اور عوامی روابط میں اضافے کو پاک ناروے تعلقات کے مزید استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔
