ہومتازہ ترینعمران خان کی صحت پر تشویش، اسپتال منتقل اور اہلخانہ و ڈاکٹروں سے ملاقات کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی

عمران خان کی صحت پر تشویش، اسپتال منتقل اور اہلخانہ و ڈاکٹروں سے ملاقات کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی

اسلام آباد (سب نیوز)پی ٹی آئی رہنماوں نے عمران خان کی صحت پر تشویش کرتے ہوئے اسپتال منتقل کرنے اور اہل خانہ و ڈاکٹروں سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسد قیصر اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور اہلخانہ و ڈاکٹروں سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور انہیں صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ ہے، لیکن اس معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ سرکاری رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر زیادہ دیکھا گیا ہے، جبکہ ان کی صحت جیل میں خراب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ سرکاری رپورٹ ہے، جو حکومت کے اپنے اداروں کی جانب سے تیار کی گئی ہے، اس لیے اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دیگر عام قیدیوں کو حاصل حقوق بھی فراہم نہیں کیے جارہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اس بات کی ضمانت دیتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے افراد کسی قسم کی سیاسی گفتگو نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہلخانہ اور دیگر متعلقہ افراد کو صرف ان کی خیریت دریافت کرنے اور طبی صورتحال سے آگاہ ہونے کے لیے ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیس کی سماعت کل ہونی ہے اور حکومت کو سیاسی انتقام کے بجائے قانون اور انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس حد تک نہ جائے کہ کل اس کی بھی باری آئے، ان کا کہنا تھا کہ بجٹ سے قبل ان کی باری آنے والی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بند ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ پر تشویش ہے۔بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہلخانہ اور ڈاکٹروں سے ملاقات بانی پی ٹی آئی کا جمہوری حق ہے اور انہیں یہ سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔اسد قیصر کا بھی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سرکاری رپورٹ میں سامنے آنے والے خدشات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور انہیں فوری طور پر مناسب طبی معائنہ اور علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔