Monday, July 7, 2025
ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات پر ایم سی آئی نے سستے بازاروں میں مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داران کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات پر ایم سی آئی نے سستے بازاروں میں مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داران کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کی ہدایات پر میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد نے سستے بازاروں میں مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داران کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات پر ضلعی مجسٹریٹ اور اسٹنٹ کمشنر کے جی 10 بازار کے وزٹ کے بعد نشاندہی پرڈائریکٹر ڈی ایم اے نے 11 سٹال کینسل کر دیے۔ایم سی آئی ذرائع کے مطابق بارہا ہدایات کے باوجود نرخ ناموں پر عملدرآمد نہ کرنے پر جی 10 بازار سے 11 سٹال منسوخ کر دیئے گئے۔ڈائریکٹر ڈی ایم اے کیپٹن ریٹائرڈ سید علی اصغر کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور اسٹنٹ کمشنر کے وزٹ کے دوران سٹال ہولڈر سستے بازار میں اشیا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت میں فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر بازار میٹروپولیٹین کارپوریشن کے مطابق سستے بازار میں نرخ ناموں پر عملدرآمد نہ کروانے پر 2 چیف انسپکٹر اور 4 سپروائزرز کو بھی معطل کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ڈی ایم اے کیپٹن ریٹائرڈ سید علی اصغر نے ہدایت کی کہ ایم سی آئی کے زیر انتظام تمام بازاروں میں ضلعی انتظامیہ کے جاری نرخ ناموں پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے تمام سستے بازاروں میں نرخ ناموں پر عملدرآمد کیلئے ایم سی آئی سٹاف کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،مصنوعی مہنگائی کے مرتکب سٹال ہولڈرز کے سٹال فوری طور پر منسوخ کر دیئے جائیں گے۔ڈائریکٹر ڈی ایم اے کیپٹن ریٹائرڈ سید علی اصغر نے کہا کہ ایم سی آئی کے زیر اہتمام بازاروں میں سٹال الاٹمنٹ کے موقع پر طے کی گئی شرائط پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔میٹروپولیٹین کارپوریشن کے زیر انتظام بازاروں میں اشیا خوردونوش کی قیمتوں پر عملدرآمد کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بھی تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس ہفتہ وار بازاروں کے سرپرائز وزٹ کے ساتھ ساتھ یہاں تعینات عملے کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔