اسلام آباد(سب نیوز) : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے آج الوداعی ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفیر خضر فرہادوف کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آذربائیجان میں سفیر فرہادوف کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف اور وزیر خارجہ عزت مآب جیہون بایراموف کے لیے بھی اپنی نیک تمناؤں اور ذاتی نیک جذبات کا پیغام پہنچایا۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اپنے دورِ سفارت کے دوران تعاون اور حمایت پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی قابلِ تعریف کوششوں کو سراہا۔
