ہومتازہ ترینرومانیہ کے سفیر کا پاکستان میں اوپیرا گلوکاروں کی پہلی نسل تیار کرنے کا اعلان

رومانیہ کے سفیر کا پاکستان میں اوپیرا گلوکاروں کی پہلی نسل تیار کرنے کا اعلان

اسلام آباد(سب نیوز) : رومانیہ کے سفارتخانے نے پاکستان میں اوپیرا گائیکی کے فروغ اور پاکستانی اوپیرا گلوکاروں کی پہلی نسل تیار کرنے کے لیے خصوصی تربیتی کورسز کا اعلان کیا ہے۔

رومانیہ کے سفیر ہز ایکسی لینسی ڈین سٹوئنسکو نے پیر کو کہا کہ اوپیرا سنگنگ کورسز مختلف سطح کے گلوکاروں کے لیے کھلے ہیں، خواہ وہ ابتدائی درجے کے ہوں یا اوپیرا گائیکی میں پہلے سے دلچسپی رکھتے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شرکاء کو ماہر اساتذہ کی پیشہ ورانہ رہنمائی میں ایک متحرک اور جامع تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا، جہاں وہ اپنی آواز، گائیکی کی تکنیک اور اوپیرا پرفارمنس کی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں گے۔

سفارتخانے کے مطابق اوپیرا گائیکی کے تربیتی کورسز ہر بدھ اور جمعہ کو دوپہر 2:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک منعقد ہوں گے، جبکہ تربیت کا مقام پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA)، اسلام آباد ہوگا۔

کورس میں شرکت کے لیے کم از کم عمر 14 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ 14 سال سے کم عمر شرکاء کو بنیادی اور ابتدائی صوتی تربیت فراہم کی جائے گی۔

اوپیرا گائیکی سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد رجسٹریشن اور مزید معلومات کے لیے فون یا واٹس ایپ نمبر +92 (0)333-7848443 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

رومانیہ کے سفارتخانے کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان میں اوپیرا موسیقی اور گائیکی کے فن کو فروغ دینا اور نوجوان پاکستانی فنکاروں کو عالمی معیار کی تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔