Monday, July 7, 2025
ہومپاکستاننئے پاکستان کے خواب دکھانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا،حمزہ شہباز

نئے پاکستان کے خواب دکھانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا،حمزہ شہباز

بہاولپور،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے خواب دکھانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا،تبدیلی سرکار پرانا پاکستان ہی واپس کردے، مہنگائی کے طوفان نے عوام کا جینا دوبھر کردیا، آنے والا دور ن لیگ کا ہے جبکہ ہم قوم کو محرومیوں سے نکالیں گے۔
بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ لیگی کارکنوں نے اپنے قائدین کے لئے جیلیں کاٹیں، پوری قوم مسلم لیگ (ن)کی راہ تک رہی ہے،آنے والا دور(ن)لیگ کا ہے،گزشتہ 3ماہ میں پٹرول 21روپے مہنگا ہوا،موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے،ان کا کہنا تھا کہ 3ماہ میں 7بار پٹرول کی قیمت بڑھائی گئی جبکہ حکومت نے گزشتہ 3ماہ میں ایک اینٹ نہیں لگائی،عمران خان صبح اٹھ کر کہتے ہیں ن لیگ کے خلاف کوئی کیس لائو،مسلم لیگ (ن)کے کارکن جھکنے اور بکنے والے نہیں۔اپنے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک میں متعدد افراد کا روزگار چھن گیا،موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے،آپ نیا پاکستان تو نہیں بناسکے پرانا پاکستان ہی واپس کردیں، عوام کومشکل سے نکالی گے اورمحرومیاں دورکریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھرکی بات کی جاتی ہے اورغریب کا گھرگرایاجاتاہے، (ن) لیگ نے ملک کو اندھیروں سے نکالا، آج ملک میں کسان اورمزدورطبقہ پریشان ہے جبکہ پی ایچ ڈی کرنیوالے کئی افرادبیروزگارہیں جبکہ 2023 کیالیکشن میں مسلم لیگ(ن)کی جیت کابگل بجے گا۔دوسری طرف مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جنوبی پنجاب کے دورے کے دوران مختلف سیاسی رہنمائوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ شمولیت اختیار کرنے والے رہنمائوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں جو جنوبی پنجاب کی مثالی خدمت کی، اس قافلے کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔راجن پور سے تعلق رکھنے والے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی نے حمزہ شہباز سے ملاقات کی، اور مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مظفر گڑھ کے حلقہ پی پی 271 سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اور سرکردہ رہنما اختر علی گوپانگ نے بھی لیگی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ملتان پہنچنے پر شاندار استقبال اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر تین دفعہ ایم پی اے منتخب ہونے والے اسحاق بچہ نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ اسحاق بچہ 1988،, 1993 اور 2002 میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے رہے ہیں۔ ملتان سے برگیڈیئر (ر)قیصر مہے نے بھی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، فخر ہے کہ اس کا حصہ بن رہا ہوں۔خانیوال پہنچنے پر شاندار استقبال کے بعد سابقہ ایم پی اے جمیل شاہ نے متعلقہ حلقے کے ایم این اے افتخار نذیر کی موجودگی میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ جمیل شاہ 2008 میں ایم پی اے رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔