کوئٹہ (سب نیوز)بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے صوبے کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے، نئے شفاف انتخابات کرانے اور سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)، نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)اور دیگر جماعتوں کے رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقعے پر جے یو آئی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر آل پارٹیز سیاسی جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صرف سیاسی ہے اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر ہی صوبے کو موجودہ بحران سے نکال سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی کو تحلیل کرکے شفاف اور آزادانہ انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام جس سیاسی جماعت کو منتخب کریں، وہی حکومت تشکیل دے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کے بجائے ان کی بات سنی جائے کیونکہ جب تک سیاسی قوتوں کو اعتماد میں نہیں لیا جائے گا، صوبے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحادی خود ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے رہے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ موجودہ نظام موثر انداز میں نہیں چل رہا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ یہ نظام کامیاب نہیں ہوگا۔
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے بلوچستان کے حالات کا ذمہ دار سرداروں اور نوابوں کو قرار دیا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج بھی انہی شخصیات کو مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست کو بچانے کے لیے سیاسی جماعتیں میدان میں موجود ہیں اس لیے اب بھی وقت ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ زیارت دھرنے کے شرکا کے مطالبات پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
اس موقعے پر عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغر اچکزئی نے کہا کہ حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کوئٹہ کے زرغون روڈ پر قائم ریڈ زون کی حفاظت بھی نہیں کرسکتی تو صوبے میں امن کیسے قائم کرے گی۔ انہوں نے بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مثر اقدامات پر زور دیا۔نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ انہوں نے وفاقی حکومت کو بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی ہیں اور اگر ان پر عمل کیا جائے تو حالات میں بہتری آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالواسع کی قیادت میں تمام سیاسی جماعتیں بلوچستان کے مسائل کا سیاسی حل تلاش کرنے کی مشترکہ کوشش کر رہی ہیں۔
بلوچستان اسمبلی تحلیل کرکے شفاف انتخابات کرائے جائیں، سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کا مطالبہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
