اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ سے تربیتی کورس مکمل کرکے واپس آنے والے اے ایس پیز نے ملاقات کی۔اے ایس پیز نے غیر ملکی تربیتی کورسز کو پیشہ وارانہ صلاحیتیں بڑھانے کے لیے ایک بہترین تجربہ قرار دیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ وارانہ تربیت کا مستقل حصہ بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انوسٹگیشن سنٹر کے قیام کے لئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
لا انفورسمنٹ سنٹر میں ڈیٹنشن، انویسٹی گیشن اور سمری ٹرائل ایک چھت تلے ہوگا۔ سنٹر میں معمولی نوعیت کے جرائم کے مقدمات کا فوری اور موثر تصفیہ ممکن بنایا جائے گا،جدید پولیسنگ کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ کرکے پولیس نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس سسٹمز کے ذریعے نگرانی کے دائرہ کار میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا جائے گا،جرائم کی روک تھام اور مثر نگرانی کے لیے وزارت داخلہ کے ایوی ایشن ونگ میں جدید ڈرونز شامل کیے جائیں گے،نیشنل پولیس اکیڈمی میں سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن رومز قائم کیے جائیں گے،جدید پولیسنگ کی ضروریات کے مطابق سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انٹیروگیشن کو بطور سپیشلائزڈ سبجیکٹ متعارف کرایا جائے گا،ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کی بنیاد پر انٹیروگیشن کی جدید تکنیکس تربیت کا حصہ بنائی جائیں گی، پولیس کے لیے آپریشنل ضروریات سے ہم آہنگ یونیفارم متعارف کرائی جائے گی۔اے ایس پیز نے چین اور ترکیہ کے جدید پولیسنگ، سرویلنس سسٹمز، ٹیکنالوجی و جدید آلات کے استعمال اور امن و امان کے انتظام سے متعلق مشاہدات سے آگاہ کیا۔کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ سے تربیتی کورس مکمل کرکے واپس آنے والے اے ایس پیز کی ملاقات
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
