ہومپاکستانرضاکارانہ خون کا عطیہ قومی ذمہ داری ہے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

رضاکارانہ خون کا عطیہ قومی ذمہ داری ہے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد:(سب نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ رضاکارانہ خون کا عطیہ محض ایک فلاحی عمل نہیں بلکہ قومی، انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، جو بے شمار قیمتی جانیں بچانے کا ذریعہ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور بروقت خون کی دستیابی ایک مضبوط اور ہمدرد صحت کے نظام کی بنیادی ضرورت ہے، جس کے فروغ کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور بلڈ چین پاکستان کے اشتراک سے چیمبر ہاؤس میں منعقدہ سالانہ بلڈ کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر نے کہا کہ ملک بھر میں روزانہ ہزاروں مریض، جن میں ٹریفک حادثات کے متاثرین، تھیلیسیمیا کے بچے، کینسر کے مریض اور دیگر ہنگامی طبی صورتحال سے دوچار افراد شامل ہیں، بروقت خون کی فراہمی کے منتظر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “خون کا ایک عطیہ زندگی اور موت کے درمیان فرق ثابت ہو سکتا ہے،” لہٰذا بالخصوص نوجوان نسل کو اس عظیم انسانی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے بلڈ چین پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ صرف خون عطیہ کرنے والوں کو متحرک نہیں کر رہا بلکہ نوجوانوں میں قیادت، رضاکارانہ خدمات اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے، عوامی آگاہی مہمات اور انسانی خدمت کے اس مشن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے، اس لیے رضاکارانہ خون کا عطیہ ہر صحت مند شہری کی سماجی ذمہ داری ہونی چاہیے۔ انہوں نے اپنے طالب علمی کے دور کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے دوست ضرورت پڑنے پر ہمیشہ خون عطیہ کرنے یا عطیہ دہندگان کا انتظام کرنے کے لیے پیش پیش رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک محفوظ عمل ہے اور اس سے صحت مند افراد کی صحت پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوتا۔
صدر آئی سی سی آئی نے بلڈ چین پاکستان اور اس کے رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا، کینسر اور خون سے متعلق دیگر امراض میں مبتلا مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے یہ رضاکار امید کی کرن ہیں اور انسانیت کی بے لوث خدمت کی روشن مثال قائم کر رہے ہیں۔
سردار طاہر محمود نے اعلان کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مستقبل میں بھی بلڈ چین پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نہ صرف عوامی آگاہی مہمات میں شریک ہوگا بلکہ اپنے اراکین کو رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی ترغیب دے گا اور اس مقصد کے لیے اپنے پلیٹ فارم کو ہر ممکن استعمال میں لائے گا۔
بعد ازاں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری اور دیگر نے چیمبر لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
کانفرنس سے ڈاکٹر ضیاء داوڑ، کنٹری پراجیکٹ ڈائریکٹر، وفاقی وزارتِ صحت اور سید جاوید گیلانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، مسلم ہینڈز آرگنائزیشن نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی رکن ایمن جلیل، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام، بلڈ چین پاکستان کے نمائندگان، کاروباری برادری، رضاکاروں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آئی سی سی آئی کی جانب سے سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، عمران منہاس، وسیم چوہدری،ممبران اعزاز محمد، اسرار مشوانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ شرکاء نے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے کلچر کو ملک گیر تحریک بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔