واشنگٹن ڈی سی (شازیہ نئیر ) واشگنٹن ڈی سی میں پاکستان ایمبیسی کے سابق پریس کونسلر سرفراز حسین کے اعزاز میں الوداعی تقریب، نئی پریس کونسلر زوبیہ مسعود کا پرتپاک خیر م
سابق پریس کونسلر سرفراز حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز ہے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتکار جہاں بھی تعینات ہوتے ہیں ان کی اولین کوشش اپنے ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے لیے تعینات ہوتے ہیں اور ہماری یہی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان کے ایمیج کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں۔
سرفراز حسین نے موجودہ ملکی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے موجودہ حالات میں پاکستان دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر پاکستان ایمبیسی واشنگٹن کی نئی پریس کونسلر زوبیہ مسعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے تسلسل کو مزید آگے بڑھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اکستان کے مثبت ایمیج کو آگے بڑھانے کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ پاکستان ایمبیسی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور یہی ہماری اصل طاقت ہے۔
تقریب کی میزبان اور اسٹیٹ سینٹرل کمیٹی بالٹی مور کی رکن عائشہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور موجودہ نازک صورتحال میں ان کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستانی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار پوری دنیا کے لیے مرکزِ نگاہ ہے اور دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
عائشہ خان نے سابق پریس کونسلر سرفراز حسین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں میڈیا اور کمیونٹی کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے سابق پریس کونسلر کو نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا اور نئی پریس کونسلر زوبیہ مسعود کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی سفارتخانے اور کمیونٹی کے درمیان تعاون کا یہ رشتہ مزید مضبوط ہو گا۔
تقریب میں میری لینڈ، ورجینیا اور واشنگٹن ڈی سی سے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد، سماجی و کاروباری شخصیات اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی اور پاکستانی سفارتخانے کی خدمات کو سراہا۔
