ہومبریکنگ نیوزپاکستان اور ازبکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور ازبکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز) : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوطی کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطہ کاری، توانائی، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔

دونوں وزراء نے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان مزید قریبی روابط کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔ انہوں نے علاقائی اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے رواں سال کے اوائل میں صدر شوکت مرزیایوف کے دورۂ پاکستان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اس دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمت کو بروقت عملدرآمد کے ذریعے ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ سعیدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا، جن میں اسلام آباد مفاہمت نامے کو عملی شکل دینے میں پاکستان کا کردار بھی شامل ہے۔

دونوں فریقوں نے امید ظاہر کی کہ دیرپا امن اور علاقائی استحکام کی راہ ہموار کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔