Monday, July 7, 2025
ہومپاکستانپاکستان پر عمران کی نہیں IMFکی حکومت ہے،آفاق احمد

پاکستان پر عمران کی نہیں IMFکی حکومت ہے،آفاق احمد

کراچی (آئی پی ایس )مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئر مین آفاق احمد نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر کورنگی انڈسٹریل ایریا سے آئے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور روپے کی بے قدری پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے چیئر مین آفاق احمد نے کہا کہ پاکستان پر عمران خان کی نہیں عملاIMFکی حکمرانی ہے موجودہ حکومت اپنی اور اپنے مددگاروں کی ناجائز فرمائشیں پوری کرنے کیلئے IMFسے قرضے لے کر پاکستان کے 22کروڑ عوام کا مستقبل IMFکے ہاتھوں گروی رکھ چکی ہے،حکمرانوں کو عوام کی حالت زار کی قطعی پرواہ نہیں وہ اقتدارکو طول دینے کیلئے بیرونی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ وزرا اور منتخب نمائندوں کی بھاری تنخواہیں اوراسمبلیوں کے حیران کن اخراجات معاشی طور پر تباہ حال ملک کو زیب نہیں دیتے۔ آفاق احمد نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملکی سلامتی کے خاطردفاعی اخراجات برداشت کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس میں کوئی کمی نہیں کی جاسکتی لیکن غیرجنگی وغیر دفاعی اخراجات اور حکومت کے غیر ترقیاتی اخراجات پر نظرثانی کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی بے قدری اور معاشی تباہی کی ذمہ داری صرف موجودہ حکمرانوں پر نہیں انکے سلیکٹرز اور سہولت کاروں پر بھی عائد ہوتی ہے،انہیں ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے اپنے کردارپر بھی نظر ثانی کرنی چاہیے۔آفاق احمد نے کہا کہ عوام نے پاکستان کے نام پر ہمیشہ قربانی دی ہے اور آئندہ بھی اپنے ملک کے خاطرکسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے لیکن اب وہ ملک کی اشرافیہ کو بھی ملک کیلئے قربانی دیتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔