Monday, June 1, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزگلگت الیکشن،فارم 45 کا بندوبست عوام کریں 47 کا میں کرلوں گا،بلاول بھٹو

گلگت الیکشن،فارم 45 کا بندوبست عوام کریں 47 کا میں کرلوں گا،بلاول بھٹو

گلگت بلتستان (آئی پی ایس )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شگر کے عوام سے کہا ہے کہ فارم 45 کا بندوبست آپ کرلیں، فارم 47 کا میں کرلوں گا۔گلگت بلتستان کے علاقے شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ وہ شگر کے عوام کے پاس واپس آئے ہیں ، کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیتے آئے ہیں۔

یہاں کے لوگوں نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا اور قائد عوام نے یہاں کے غریب، کمزور اور پسماندہ طبقے کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ جب ذوالفقار علی بھٹو گلگت بلتستان آئے تو انہوں نے یہاں غربت، پسماندگی اور مہنگائی کو دیکھا اور کہا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی قسمت میں ہمیشہ غریب رہنا نہیں لکھا۔ بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ صرف بلند نہیں کیا بلکہ اس پر عملدرآمد بھی کیا اور گلگت بلتستان کے لیے سبسڈی کا تحفہ دیا جو آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور پیٹرول پر سبسڈی بھی جئے بھٹو کے نعرے کا نتیجہ ہے اور آج بھی غریب عوام کو اس سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اگر پاکستان کے پاس جوہری قوت ہے تو وہ بھی جئے بھٹو کے نعرے کی وجہ سے ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کرنے والوں نے سمجھا تھا کہ غریبوں، مزدوروں، کسانوں، طلبہ اور جمہوریت کی آواز کو خاموش کیا جا سکے گا، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے پارٹی کا پرچم سنبھالا اور تین دہائیوں تک عوام، خواتین، نوجوانوں، مزدوروں اور کسانوں کی آواز بنی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت اور حمایت کی وجہ سے بے نظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں اور 2 مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا میں آج بھی پاکستان کی شناخت بے نظیر بھٹو کے ذریعے کی جاتی ہے۔انہوں نے اپنے دورِ وزارت خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی رہنما انہیں صرف کم عمر وزیر خارجہ ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ بے نظیر بھٹو کے بیٹے اور ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے کے طور پر بھی عزت دیتے تھے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ ایک بار پھر عوام کے پاس حمایت حاصل کرنے آئے ہیں ۔ گلگت بلتستان کے عوام نے کبھی پیپلز پارٹی کو مایوس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں پارٹی سے نشستیں چھین لی گئی تھیں،

اس بار عوام کو یقینی بنانا ہوگا کہ پیپلز پارٹی کا امیدوار اسمبلی میں پہنچے۔بلاول کا کہنا تھا کہ اگر ان کا نمائندہ منتخب ہوگا تو وہ وسائل اور ترقیاتی امور کے لیے مثر رابطہ کر سکے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ فارم 45 کا بندوبست عوام نے کرنا ہے، فارم 47 کا بندوبست وہ خود کر لیں گے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ انہیں یقین ہے کہ اس بار پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی نشست چرائی جائے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انتخابی دن گھروں سے نکلیں، ووٹ ڈالیں اور فارم 45 حاصل کرکے گھر جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں ۔ عوام پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیں تاکہ وہ اسی طرح خدمت کر سکیں جس طرح ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔