Tuesday, May 26, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینچینی وزیرِ اعظم لی چھیانگ کی پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات

چینی وزیرِ اعظم لی چھیانگ کی پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات

بیجنگ:چین کے وزیرِ اعظم لی چھیانگ نے 25 مئی کی صبح بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر موجود پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات اور مذاکرات کیے۔لی چھیانگ نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو ہمسایہ سفارت کاری میں ترجیحی مقام دیتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط اتحاد، روایتی دوستی کے فروغ، باہمی حمایت اور عملی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر سے مزید ثمرات لائے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے،

دونوں ممالک کے بڑے رابطہ منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا اور صنعت، معدنیات، زراعت، عوامی بہبود اور مالیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔لی چھیانگ نے کہا کہ چین پاکستان سے مزید معیاری مصنوعات درآمد کرنے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک آزاد تجارتی معاہدے کے اپ گریڈ ورژن کی تیاری کے لیے بھی مشترکہ کوششیں کر سکتے ہیں تاکہ دوطرفہ تجارت کے حجم اور معیار میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور سبز توانائی جیسے شعبوں میں تعاون پر بھی غور کر سکتے ہیں تاکہ ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ چین انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور مزید پاکستانی نوجوانوں کو چین میں تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کرنے کا بھی خواہاں ہے۔لی چھیانگ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا تاکہ تعاون کے لیے محفوظ اور مستحکم ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک چین کے اصول پر ثابت قدم ہے اور تائیوان، سنکیانگ، شی زانگ اور سمندری امور سمیت چین کے بنیادی مفادات سے متعلق معاملات پر ہمیشہ چین کے منصفانہ مؤقف کی حمایت کرتا رہے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کی اقتصادی و سماجی ترقی کے تجربات سے سیکھنے کا خواہاں ہے اور اعلیٰ سطح روابط کو مزید فروغ دینے، سی پیک کے “2.0 اپ گریڈ ورژن” کی تعمیر تیز کرنے اور تجارت، زراعت، مالیات، مصنوعی ذہانت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے تاکہ پاکستان۔چین ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مسلسل آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان محفوظ اور بہتر کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ چار گلوبل انیشی ایٹوز کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور عالمی و علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے چین کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ملاقات سے قبل بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں شہباز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔ مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے معیشت و تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، خوراک و زراعت اور انسانی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔