Monday, May 25, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد پولیس کا عیدالاضحی کے لیے سخت سیکیورٹی پلان جاری

اسلام آباد پولیس کا عیدالاضحی کے لیے سخت سیکیورٹی پلان جاری

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد پولیس نے عیدالاضحی کے لیے سخت سیکیورٹی پلان جاری کردیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں عید کے ایام، مویشی منڈیوں اور بازاروں کی سیکیورٹی سے متعلق واضح ہدایات جاری کی گئیں۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام زونل افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت دی۔

پلان کے مطابق عیدالاضحی کے دوران 7 ہزار سے زیادہ پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے، جبکہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 450 سے زیادہ ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور عیدگاہوں کی سیکیورٹی کو مثر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ تفریحی مقامات پر بھی پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک دستے تعینات ہوں گے جبکہ کیپیٹل پولیس کے مستعد اہلکار مختلف علاقوں میں گشت کریں گے۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سی ٹی ڈی کی کوئیک ریسپانس ٹیمیں الرٹ رہیں گی۔ شہر کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی کی جائے گی۔

آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ شہری سہولت کے پیش نظر پولیس خدمت مرکز ایف 6 اور ڈپلومیٹک انکلیو عید کے ایام میں کھلے رہیں گے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پکار 15 پر اطلاع دیں اور دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ آئی جی سید علی ناصر رضوی نے کہاکہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔