Monday, May 25, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزیو اے ای سے شہریوں کی ملک بدری، پاکستان نے فرقہ وارانہ رنگ دینے کے بیانیے کو مسترد کردیا

یو اے ای سے شہریوں کی ملک بدری، پاکستان نے فرقہ وارانہ رنگ دینے کے بیانیے کو مسترد کردیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستانی شہریوں کی متحدہ عرب امارات سے ملک بدری سے متعلق 25 مئی کو شائع ہونے والی ایک خبر میں مذہبی یا فرقہ وارانہ بنیادوں پر نشانہ بنانے کے تاثر کو پاکستان نے یکطرفہ اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غیر ملکی رپورٹ میں اس معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے، جو خطے کی حساس صورتحال کو پاکستان کے اندر منتقل کرنے کی سازش ہے۔

بیان میں یو اے ای کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہاں رہائشی، مالی، سائبر اور سیکیورٹی قوانین تمام غیر ملکیوں پر یکساں طور پر نافذ کیے جاتے ہیں۔ اگرچہ ملک بدری سے متعلق جامع اعداد و شمار جاری نہیں کیے جاتے، تاہم یہ بات معروف ہے کہ یو اے ای میں قوانین کا سختی سے نفاذ کیا جاتا ہے اور اس نوعیت کے واقعات جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے شہریوں کے ساتھ بھی پیش آتے رہے ہیں۔

مقف میں کہا گیا ہے کہ قانونی یا انتظامی خلاف ورزیوں سے منسلک ملک بدری کو خود بخود مذہبی یا فرقہ وارانہ تعصب کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔

مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ رپورٹ میں بھی یو اے ای حکام کی جانب سے کسی فرقہ وارانہ بنیاد کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم اس کے باوجود اسے اس زاویے سے پیش کیا گیا۔

پاکستانی وزارتِ داخلہ کے مطابق ان افراد کی ملک بدری یو اے ای قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ لاکھوں پاکستانی شہری، چاہے وہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھتے ہوں، خلیجی ممالک میں پرامن طور پر روزگار کر رہے ہیں، اور چند واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا کسی منظم امتیاز کا ثبوت نہیں بلکہ بیانیے کی تشکیل کی کوشش ہے۔

حکام کے مطابق قانونی معاملات کو فرقہ وارانہ رنگ دینا دراصل معلوماتی جنگ کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کے اندر انتشار پیدا کرنا اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانا ہو سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔