Saturday, May 23, 2026
ہومپاکستانفیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران میں اہم ملاقاتیں، امریکا ایران مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت،آئی ایس پی آر

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران میں اہم ملاقاتیں، امریکا ایران مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (سب نیوز)پاک افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا سرکاری دورہ مکمل کرلیا، اس دوران انہوں نے اعلی سطح کی ملاقاتیں کیں، جس کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان حتمی مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق یہ دورہ 8 اپریل 2026 کی امریکا ایران جنگ بندی کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے اور تعمیری رابطوں کے فروغ کے لیے جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھا۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت کے ساتھ اعلی سطحی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، جنہوں نے ثالثی عمل کو مثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے تفصیلی مذاکرات کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔ایرانی قیادت نے خطے کے مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران آمد پر ان کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سمیت اعلی سول اور عسکری حکام نے کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔