Saturday, May 23, 2026
ہومپاکستاناین آئی ٹی بی نے پاکستان کے حج آپریشنز کی ڈیجیٹلائزیشن کا کنٹرول مکمل طور پر سنبھال لیا

این آئی ٹی بی نے پاکستان کے حج آپریشنز کی ڈیجیٹلائزیشن کا کنٹرول مکمل طور پر سنبھال لیا

اسلام آباد/مکہ مکرمہ(آئی پی ایس ) وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن اور خصوصی احکامات کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی)نے پاکستان کے حج آپریشنز کی ڈیجیٹلائزیشن کا کنٹرول مکمل طور پر سنبھال لیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک تاریخی اور عالمی معیار کا ڈیجیٹل کوریڈور قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارتِ آئی ٹی کے ذیلی ادارے این آئی ٹی بی کے پروگرام مینیجر محمد اویس نے مکہ مکرمہ سے اس تاریخی پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تاریخی اور انقلابی ڈیجیٹل کوریڈور زائرین(عازمینِ حج)کے ڈیٹا کو سعودی عرب کے مرکزی حج سسٹمز، بشمول نسک اورمسار پلیٹ فارمز کے ساتھ فوری طور پر شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس سسٹم کے الحاق کا مقصد جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے حج آپریشنز کو بہترین بنانا ہے، جس سے عازمینِ حج کو بے مثال سہولت ملے گی۔ ساتھ ہی، یہ نادرا ، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، نامزد بینکوں اور ایئر لائنز جیسے اہم اداروں کے درمیان ایک مضبوط اور مربوط ملکی رابطہ بھی قائم کرے گا۔ محمد اویس نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر این آئی ٹی بی کی ایک ٹیم اس وقت بطور مبصر سعودی عرب میں موجود ہے۔ اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور سیکیریٹری آئی ٹی ضرار ہشام خان کی رہنمائی میں، یہ منصوبہ سی ای او این آئی ٹی بی فیصل اقبال رتیال کی قیادت میں حج کے تمام موجودہ آپریشنل طریقہ کار کو جدید سانچے میں ڈھالنے کے لیے نافذ کیا جا رہا ہے۔

اس تبدیلی کے ایک حصے کے طور پر، خدامالحجاج پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم(کے پی ایم ایس)کے نام سے ایک جامع مانیٹرنگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔ جدید موبائل ایپلی کیشنز اور مرکزی ڈیش بورڈز پر مشتمل یہ سسٹم مکہ، مدینہ، جدہ اور مدینہ ایئرپورٹ پر فرائض سرانجام دینے والے حج ویلفیئر سٹاف (خدام الحجاج)، سیزنل ڈیوٹی سٹاف (ایس ڈی ایس)اور مقامی مددگاروں کی لائیو نگرانی کے ساتھ ساتھ عازمینِ حج سے فوری فیڈ بیک حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔وفاقی کابینہ سے منظور شدہ حج پالیسی اور وزیر اعظم کی پروجیکٹ گائیڈ لائنز کے مطابق، حج 2026 کے دوران تکنیکی مشاہدات اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کو ترتیب دیا جائے گا۔ جس کے نتیجے میں، اگلے سال (حج 2027)تک سرکاری اور نجی دونوں حج سکیموں کو مکمل طور پر اس مرکزی اور متحد ڈیجیٹل ماڈیول پر منتقل کر دیا جائے گا۔ اس طویل مدتی حکمت عملی پر عمل درآمد کے لیے وزارتِ مذہبی امور کے جوائنٹ سیکیریٹری (حج)محمد بخش سانگی اور این آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد رفیق نے باضابطہ طور پر پانچ سالہ اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔