اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے )امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی پاکستانی ویزا اور مشکوک امیگریشن اسٹیمپس کے ذریعے بیرونِ ملک سفر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ذرائع کے مطابق دو افغان شہری قطر ایئرلائن کی پرواز کیو آر 633کے ذریعے برطانیہ روانہ ہو رہے تھے کہ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے مشتبہ حرکات پر انہیں سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے روک لیا۔
تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان کے پاسپورٹس پر لگے پاکستانی امیگریشن اسٹیمپس جعلی تھے جبکہ پیش کیے گئے پاکستانی ویزے بھی بوگس نکلے۔ مزید تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بی ایم ایس اور پی او وی ایس سسٹمز میں دونوں مسافروں کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا، جس کے بعد حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے حکام نے ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران پاسپورٹس، بورڈنگ پاسز، موبائل فونز اور دیگر اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی سفری دستاویزات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاون مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ ایئرپورٹس پر نگرانی کا نظام بھی مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
