اسلام آباد(سب نیوز)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور متحدہ علما کونسل آزاد کشمیر نے آئندہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے باقاعدہ انتخابی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے، اس سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور متحدہ علما کونسل کے سربراہ مفتی محمد وسیم رضا نے خطاب کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس اور متحدہ علما کونسل آزاد کشمیر کے تمام انتخابی حلقوں میں مشترکہ امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کا مقصد ریاست کے نظریاتی تشخص، تحریک آزادی کشمیر اور عوامی حقوق کا تحفظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو ایک ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں مسئلہ کشمیر اور ریاستی تشخص کی نمائندگی کر سکے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست کی قدیم اور نظریاتی جماعت ہے جس نے ہمیشہ کشمیر کی آزادی، پاکستان سے الحاق اور ریاستی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ۔الیکشن انشااللہ اپنے مقررہ وقت پرپرامن ہو نگے، انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں تمام نظریاتی اور مذہبی قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آزاد کشمیر میں ایک مضبوط اور عوامی نمائندہ قیادت سامنے آ سکے، کشمیری مہاجرین کی حیثیت آئینی اور قانونی ہے،چند ہزار لوگوں کی خواہش پر نظام کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا،آئین میں ترامیم افہام و تفہیم سے ہوتی ہیں ڈنڈے کے زور پر نہیں
انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کی عزت میں بے انتہا اضافہ ہو چکا ہے جو کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیراور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت کا نتیجہ ہے، آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم شہباز شریف کی دن رات تعریفیں کرتا پھرتا ہے،اس موقع پر متحدہ علما کونسل کے سربراہ مفتی محمد وسیم رضا نے کہا کہ مختلف مذہبی جماعتیں، دینی مدارس، خانقاہیں اور اہل سنت والجماعت سے وابستہ تنظیمیں اس اتحاد کا حصہ بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد صرف انتخابی نہیں بلکہ نظریاتی اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔مفتی محمد وسیم رضا نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اسلامی اقدار، ختم نبوت، ناموس رسالت اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علما کرام عوام کو دیانتدار، نظریاتی اور باصلاحیت قیادت کے انتخاب کے لیے متحرک کریں گے۔پریس کانفرنس کے دوران دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد کے پلیٹ فارم سے آزاد کشمیر کے تمام حلقوں میں مضبوط امیدوار کھڑے کیے جائیں گے اور انتخابی مہم مشترکہ طور پر چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد مختلف اضلاع میں جلسوں، عوامی رابطہ مہم اور تنظیمی کنونشنز کا آغاز بھی کیا جائے گا۔اس موقع پر مسلم کانفرنس اور متحدہ علما کونسل کے مرکزی رہنما، کارکنان، مذہبی شخصیات اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
