Saturday, May 23, 2026
ہومپاکستانپاکستان اور چین میں زرعی مشینری کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اعلی سطحی روابط

پاکستان اور چین میں زرعی مشینری کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اعلی سطحی روابط

چانگژو(آئی پی ایس )وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے تحت چین کے شہر چانگژو میں پاکستان اور چین کے درمیان زرعی مشینری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور ہارون اختر خان نے چینی زرعی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جن میں جدید ٹریکٹرز، ہارویسٹرز اور دیگر زرعی آلات کی پاکستان میں فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقاتوں کے دوران چینی کمپنی چانگفا گروپ کے ساتھ زرعی مشینری کی پاکستان میں مقامی سطح پر تیاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر رانا تنویر حسین نے کہاکہ حکومت پاکستان کسانوں کو سستی اور معیاری زرعی مشینری کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ زرعی میکانائزیشن کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ اور پیداواری لاگت میں کمی ممکن بنائی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ زرعی انفراسٹرکچر میں جدید توانائی اور اسمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان دیہی معیشت اور زرعی ترقی کے میدان میں چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جبکہ جدید زرعی مشینری کسانوں کی آمدن میں اضافے کے لیے بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے۔رانا تنویر حسین کے مطابق حکومت پاکستان زرعی شعبے میں عالمی تعاون کو مزید وسعت دے رہی ہے، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری زرعی ترقی اور غذائی تحفظ کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار بھی کیاکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون اب ایک نئے اور توسیعی مرحلے میں داخل ہورہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔