اسلام آباد(آئی پی ایس )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارتی روابط انتہائی اہم ہیں۔قطری وزیرِ مملکت محمد بن عبدالعزیز الخلیفی نے پاکستان کے تعمیری کردار اور جاری سفارتی کوششوں کو سراہا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
