Thursday, May 14, 2026
ہومپاکستانچیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت سے آذربائیجان کے وزیر انصاف کی ملاقات، قانونی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال

چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت سے آذربائیجان کے وزیر انصاف کی ملاقات، قانونی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی آئینی عدالت پاکستان میں چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان سے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید احمدوف نے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قانونی و عدالتی تعاون، عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت کے استعمال اور ادارہ جاتی تجربات کے تبادلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آذربائیجان کے وزیر انصاف نے وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے قیام اور مختصر عرصے میں اس کی موثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان میں آئینی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور موثر عدالتی نظام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔فرید احمدوف نے کہا کہ آذربائیجان کی آئینی عدالت 1998 میں قائم ہوئی تھی اور اسے آئینی و عدالتی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے جس سے وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون اور استعداد کار میں اضافے کے لیے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور قانونی و آئینی شعبوں میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں قانونی معاونت، عدالتی تعاون، ادارہ جاتی تجربات کے تبادلے اور عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

آذربائیجان کے وزیر انصاف نے پاکستان میں عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔اس موقع پر چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے ابتدائی چھ ماہ کے کامیاب سفر اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عوامی خدمت، مقدمات کے بروقت فیصلوں اور موثر سروس ڈیلیوری کے ذریعے آئینی انصاف کے فروغ کے لیے عدالت کے عزم کا اعادہ کیا۔چیف جسٹس نے آذربائیجان کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تعاون عدالتی اداروں میں جدت، شفافیت اور موثر نظام کے فروغ کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر دونوں جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قانونی و عدالتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور ادارہ جاتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔