راولپنڈی (سب نیوز) سگنل فری راولپنڈی منصوبے کے تحت 179 روز میں 5 انڈر پاس، 2 اوور ہیڈ برج اور ایک پیڈسٹرین برج مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا گیا۔یہ منصوبہ مقررہ 190 دن کے بجائے 179 دن میں مکمل ہوا، جسے پاکستان کا ایک منفرد اور تیز رفتار انفراسٹرکچر منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں معرکہ حق سکوائر کا افتتاح کیا، جبکہ کچہری چوک کو تاریخی مناسبت سے معرکہ حق سکوائر کا نام دیا گیا۔
افتتاح کے موقع پر منصوبے کے سنگِ میل کی نقاب کشائی کے بعد دعائے خیر بھی کی گئی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سگنل فری کوریڈور، اوور ہیڈ برج اور مختلف سڑکوں کا دورہ کیا، جبکہ انیکسی چوک سے جی پی او چوک تک جاری منصوبے کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر ملک صہیب احمد بھرتھ نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔حکام کے مطابق راولپنڈی کے گنجان ترین علاقوں میں قائم اس سگنل فری کوریڈور سے روزانہ دو لاکھ سے زائد گاڑیاں گزر سکیں گی۔ معرکہ حق سکوائر میں شہر کا پہلا جدید پیڈسٹرین برج بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت روات سے موٹروے تک 25 کلومیٹر طویل سگنل فری کوریڈور بنایا جا رہا ہے، جس میں مجموعی طور پر 9 انڈر پاس اور 3 فلائی اوور شامل ہوں گے۔ حکام کے مطابق منصوبے کے دو فیز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ تیسرا مرحلہ جلد مکمل کیا جائے گا۔ مزید برآں ریس کورس، چیئرنگ کراس اور اے ایف آئی سی چوک میں بھی انڈر پاس تعمیر کیے جائیں گے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ سگنل فری کوریڈور راولپنڈی کے شہری و ٹریفک کلچر میں نمایاں تبدیلی لائے گا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرے گا۔
