Sunday, May 10, 2026
ہومٹاپ سٹوریبنوں میں رات گئے پولیس چوکی پر خودکش دھماکا، 15اہکار شہید

بنوں میں رات گئے پولیس چوکی پر خودکش دھماکا، 15اہکار شہید

ڈی آئی خان:(آئی پی ایس) بنوں میں رات گئے دہشت گردوں نے پولیس چوکی فتح خیل پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نیتجے میں15 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تین اہلکاروں کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے رات گئے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔
اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی بنوں ریجن نے کہا کہ بنوں پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
ڈی آئی جی بنوں کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گردوں کی آخری بزدلانہ کارروائی ثابت ہوگی، بنوں پولیس دہشت گردوں کو چن چن کر انجام تک پہنچائے گی اور علاقے سے ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
پولیس کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع بنوں میں فتح خیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سہیل آفریدی نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف خیبر پختونخوا کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے، بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں اور مسلط کردہ پالیسیوں نے ملک کو بدامنی کی دلدل میں دھکیلا، دہشت گردی سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ خیبر پختونخوا حکومت کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف صف اول میں رہ کر عظیم قربانیاں دی ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔