اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کانسٹیٹیوشن ون بلڈنگ کی لیز منسوخی کے خلاف دائر درخواستیں خارج کرتے ہوئے اپارٹمنٹ مالکان کی درخواستیں نمٹا دیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بی این پی کمپنی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر مختصر فیصلہ جاری کیا گیا، جس میں کانسٹیٹیوشن ون بلڈنگ کی لیز منسوخی کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالت عالیہ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے درخواستیں خارج کرتے ہوئے اپارٹمنٹ مالکان کی اپیلیں نمٹا دیں۔
واضح رہے کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے کانسٹیٹیوشن ون بلڈنگ کی لیز منسوخ کی تھی، جس کے خلاف بی این پی کمپنی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا، جس میں لیز منسوخی سے متعلق وجوہات اور قانونی نکات واضح کیے جائیں گے۔
گزشتہ رات چار بجے بلندو بالا عمارتوں کا قبضہ بھی سی ڈی اے نے لے لیا،قبضہ لینے کے موقع پر مجسٹریٹ،ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے اور تحصیلدار موقع پر موجود تھے۔
تاہم اب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے معاملے پر اعلی سطح کمیٹی تشکیل دیدی ہے اور معاملے پر حتمی فیصلے تک اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کی طرف سے کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا گیا ہے ۔
