Saturday, April 25, 2026
ہومتازہ ترینپاکستان سے سعودی عرب حج پروازیں بلا تعطل جاری، ہزاروں عازمین مدینہ منورہ پہنچ گئے

پاکستان سے سعودی عرب حج پروازیں بلا تعطل جاری، ہزاروں عازمین مدینہ منورہ پہنچ گئے

اسلام آباد(آئی پی ایس) پاکستان سے سعودی عرب حج پروازوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے اور پہلے سات روز کے دوران مجموعی طور پر 59 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 26 پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق آج ہفتے کے روز مزید 8 پروازوں کے ذریعے تقریباً 2 ہزار 200 پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ پہنچیں گے، جس کے بعد حج آپریشن میں تیزی برقرار رہے گی۔ترجمان نے بتایا کہ مختلف خدمات کی فراہمی کے لیے وزارت مذہبی امور کے 80، حج میڈیکل مشن کے 50 اور 134 دیگر سول ملازمین بطور خدام الحجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جو عازمین حج کی معاونت کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کے مطابق مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں مین کنٹرول آفس، ایئرپورٹ استقبالیہ، خوراک، رہائش، ٹرانسپورٹ، ریاض الجنہ، مکہ روانگی، گمشدگی و بازیابی، کال سینٹر اور شعبہ شکایات سمیت تمام شعبے 24 گھنٹے فعال ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اب تک 4 ہزار 611 پاکستانی عازمین حج کو ریاض الجنة کی زیارت کروائی جا چکی ہے، جو ان کے لیے خصوصی روحانی سہولت ہے۔شعبہ گمشدگی و بازیابی نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک حاجی، 14 ویل چیئرز اور 673 بیگز تلاش کر کے متعلقہ افراد تک پہنچا دیے ہیں۔

پاکستان حج میڈیکل مشن کے مطابق اب تک 288 افراد کو او پی ڈی سہولت، 5 کو ڈینٹل علاج اور 4 افراد کو ای سی جی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ترجمان مذہبی امور نے بتایا کہ مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج کے پہلے قافلے آج مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے جہاں حج کے اگلے مراحل کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔