لاہور (سب نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکرٹری انفارمیشن پنجاب طاہر رضا ہمدانی، سماجی رہنما ذوالفقار حسین اور سید محسن بھی موجود تھے۔
گفتگو کے دوران پنجاب اور سری لنکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ، بالخصوص انسدادِ منشیات اور منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی سے متعلق پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کا منشیات فروشوں کے حوالے سے موقف بالکل واضح ہے اور صوبے میں منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کو منشیات سے پاک کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب پنجاب میں منشیات فروشوں کے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں رہی اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک کے لیے خصوصی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو نشے جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا حکومت پنجاب کا اہم ترین ایجنڈا ہے، جبکہ اس سلسلے میں سماجی تنظیم “ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب” کا کردار بھی قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت منشیات کے مستقل تدارک اور عوامی آگاہی کے لیے متعلقہ اداروں اور تنظیموں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
