نیویارک (آئی پی ایس )ایران کے شہید کمانڈر قاسم سلیمانی کی بھانجی حمیدہ سلیمانی افشار کو امریکا میں گرفتار کرلیا گیا۔خبر ایجنسی کے مطابق شہید کمانڈر قاسم سلیمانی کی بھانجی حمیدہ سلیمانی اور ان کی بیٹی کو گرین کارڈ منسوخی کے بعد حراست میں لیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ حمیدہ سلیمانی اور ان کی بیٹی امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ کی حراست میں ہیں۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حمیدہ سلیمانی افشار امریکیوں پر حملوں کی حمایت کرنے والی رجیم کی حمایتی تھیں۔
مارکو روبیو کے مطابق حمیدہ سلیمانی امریکا کو عظیم شیطان کہنے والی رجیم کی کھلے عام حمایت کرتی تھیں۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ حمیدہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی کا گرین کارڈ منسوخ کر دیا ہے، دونوں امریکا سے بے دخلی کے لیے اب آئس ایجنٹس کی حراست میں ہیں، ٹرمپ انتظامیہ امریکا کو دہشت گرد حکومتوں کے حمایتیوں کی آماجگاہ نہیں بننے دے گی۔
