Thursday, March 26, 2026
ہومبریکنگ نیوزحکومت کا عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے اہم اقدام

حکومت کا عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے اہم اقدام

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزارت خزانہ کے جاری اعلامیے کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو 27 ارب روپے کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے۔ یہ رقم وزیراعظم شہباز شریف کے اخراجات میں کمی کے تحت قائم خصوصی فنڈ سے فراہم کی گئی ہے تاکہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا بوجھ براہ راست عوام پر منتقل نہ ہو۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے قیمتوں کے فرق کو خود برداشت کرے گی، اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے دبا کو کم کرنا اور شہریوں کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق اس مقصد کے لیے سرکاری اخراجات میں کمی کر کے وسائل جمع کیے گئے ہیں جبکہ مزید کفایت شعاری اقدامات پر بھی غور جاری ہے تاکہ مالی نظم و ضبط برقرار رکھا جاسکے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ حکومت بجٹ کی حدود کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے اور اضافی بچت حاصل کرنے کے نئے طریقوں پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ معاشی استحکام کے ساتھ عوامی سہولت کو یقینی بنایا جاسکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔