Tuesday, March 24, 2026
ہومبریکنگ نیوزچین کا مستقبل کے منصوبوں کا اعلان، پاکستان سے شراکت داری کے فروغ پر زور

چین کا مستقبل کے منصوبوں کا اعلان، پاکستان سے شراکت داری کے فروغ پر زور

اسلام آباد (آئی پی ایس )چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین کے ٹو سیشنز کی کامیاب تکمیل اور 15ویں 5 سالہ منصوبے کے خدوخال کے اجرا سے اعتماد، استحکام اور مسلسل معاشی ترقی کا اظہار ہوتا ہے، جو عالمی برادری کے لیے ایک واضح اور مثبت پیغام ہے ۔پاکستان کے ساتھ تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران چین نے بلوچستان میں بچوں کو 70 ہزار ہیلتھ کٹس فراہم کیں

، جو 23 اضلاع اور 766 اسکولوں تک پہنچیں۔گزشتہ سال چینی ڈاکٹروں نے پیدائشی دل کے عارضے میں مبتلا 8 بچوں کے کامیاب آپریشن کیے۔ رواں سال کے پہلے 2 ماہ میں گوادر میں چین کے تعاون سے قائم چین پاکستان فرینڈشپ اسپتال میں 48,656 مریضوں کا علاج کیا گیا، جبکہ روزانہ ایک ہزار سے زائد مریضوں کو مفت تشخیص اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ امسال چین 100 زچہ و بچہ صحت مراکز کو 80 ہزار سے زائد طبی آلات اور سامان فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے قریبا 60 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ سفیر نے زور دیا کہ چین عالمی معاشی ترقی کا ایک اہم محرک ہے اور عالمی معیشت میں قریبا 30 فیصد حصہ ڈال رہا ہے۔

2025 میں چین کی مجموعی قومی پیداوار 20 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گئی، جبکہ 2026 کے لیے 4.5 سے 5 فیصد شرح نمو کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو عالمی منظرنامے میں استحکام کا باعث ہے۔ انہوں نے جدت پر مبنی ترقی پر چین کی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 2025 میں تحقیق و ترقی پر اخراجات 522.8 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔ نئے منصوبے کے تحت آر اینڈ ڈی اخراجات میں سالانہ 7 فیصد سے زائد اضافہ متوقع ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل صنعتوں اور اسمارٹ مینوفیکچرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔سفیر نے کہا کہ چین 5جی ٹیکنالوجی اور نئی توانائی کی گاڑیوں سمیت اہم شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ چین نے دنیا کا سب سے بڑا 5جی نیٹ ورک قائم کیا ہے جس میں 3.5 ملین سے زائد بیس اسٹیشنز شامل ہیں، جبکہ 2025 میں نئی توانائی کی گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت 12 ملین یونٹس سے تجاوز کر گئی،

جو عالمی سطح پر قیادت کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں بالخصوص 5جی انفراسٹرکچر اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مواقع تلاش کر رہی ہیں۔تجارت اور کھلے پن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چین دنیا کا سب سے بڑا تجارتی ملک ہے، جس کی 2025 میں مجموعی درآمدات و برآمدات 6.24 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ملک خصوصا ہائی ٹیک شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کر رہا ہے، جبکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو جیسے اقدامات نے عالمی تعاون، انفراسٹرکچر کی ترقی اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔