Saturday, March 21, 2026
ہومتازہ ترینسرحد پار افغان پناہ گاہوں سے سرگرم دہشتگردوں کو پاکستان کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے: فیلڈ مارشل

سرحد پار افغان پناہ گاہوں سے سرگرم دہشتگردوں کو پاکستان کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے: فیلڈ مارشل

راولپنڈی: (آئی پی ایس) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے، سرحد پار افغان پناہ گاہوں سے سرگرم دہشت گردوں کو پاکستان کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرم کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی، انہوں نے افسروں اورجوانوں کوعید کی مبارکباد دی۔

ضلع کرم کے دورہ کے دوران فیلڈ مارشل نے عید کی نماز ادا کی اور ملکی استحکام کیلئے دعا کی، انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا، آپریشنل کامیابیوں کے لیے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور افسران اور جوانوں کے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پُرعزم ہیں، آپریشن غضب للحق میں دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کامیابیوں پر افسروں اور جوانوں کو سراہتے ہیں، سرحد پار افغان پناہ گاہوں سے سرگرم دہشت گردوں کو پاکستان کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

قبل ازیں آرمی چیف سید عاصم منیر کا کور کمانڈر پشاور نے پرتپاک استقبال کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔