امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکا کو فضائی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 16 امریکی طیارے تباہ ہو چکے ہیں، جن میں 10 ریپر ڈرون بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 6 امریکی جنگی طیاروں کو شدید نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین امریکی جنگی طیارے کویت کی فضاؤں میں تباہ ہوئے، جن کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر فرینڈلی فائر کا نشانہ بنے۔
اسی طرح ایک کے سی 135 ری فیولنگ طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں سوار عملے کے تمام 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
مزید یہ کہ پانچ کے سی 135 طیاروں کو سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکی ریپر ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا، جن میں سے 9 ڈرون تباہ کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ ایک ڈرون کو اردن میں بیلسٹک میزائل سے مار گرایا گیا۔
اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم ماہرین کے مطابق جنگی حالات میں اس نوعیت کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق ضروری ہوتی ہے۔
