ریاض: (آئی پی ایس) سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
شاہ سلمان نے عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، اور امت مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔
دوسری طرف جارح اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہ دی، مسلمانوں نے مسجد اقصیٰ کے باہر نماز عید ادا کر لی۔
ادھر ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے، آسٹریلیا میں بھی آج عید ہے، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیسی سڈنی کی مسجد گئے جہاں انہوں نے مسلمانوں کے تہوار میں شریک ہوکر انہیں مبارکباد دی۔
امریکا میں بھی عیدالفطر کا چاند نظر آگیا، جہاں عیدالفطر آج منائی جائے گی، برطانیہ سمیت یورپ بھر میں مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے آج عید منانے کا اعلان کر دیا۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی، جس کے لیے شہر بھر کی مساجد اور مخصوص مقامات پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، ملائیشیا سمیت مشرقی ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، کل عید منائی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رویت ہلال کمیٹی دہلی نے اعلان کیا ہےکہ بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، بھارت میں عید الفطر 21 مارچ کو منائی جائے گی۔
بنگلادیشی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں بھی عیدالفطر 21 مارچ ہفتہ کو ہوگی۔اس کے علاوہ انڈونیشیا میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید 21 مارچ بروز ہفتہ کو ہوگی۔
