Monday, March 16, 2026
ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس،آئی الیون فور میں31ایکڑ اراضی پر نیشنل بس ٹرمینل تعمیر کرنے کا فیصلہ

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس،آئی الیون فور میں31ایکڑ اراضی پر نیشنل بس ٹرمینل تعمیر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیو ن فور میں نیشنل بس ٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکٹر آئی الیو ن فور میں مجوزہ نیشنل بس ٹرمینل کے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو سیکٹر I-11/4 میں نیشنل بس ٹرمینل منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر I-11/4 میں 31 ایکڑ اراضی پر نیشنل بس ٹرمینل کا منصوبہ تعمیر کیا جائیگا۔اجلاس میں نیشنل بس ٹرمینل منصوبے کا مجوزہ سائٹ پلان اور ٹریفک مینجمنٹ پلان پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس بس ٹرمینل میں 100 بسوں سے زائد بس بیز کی گنجائش ہوگی اور اس ٹرمینل میں کمرشل ایریاز، پیٹرول پمپس اور بسوں کی پارکنگ شامل ہوگی۔ اسی طرح اس منصوبے میں سروس سٹیشنز، ٹیکسی اسٹینڈ اور مینٹیننس ورکشاپ بھی قائم کی جائینگی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ نیشنل بس ٹرمینل کو مستقبل میں 11th ایونیو سے منسلک کیا جائیگا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اس منصوبے کیلئے بہترین ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کیلئے آرکیٹیکٹس کے مابین اوپن کمپٹیشن کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات کے حصول کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس بس ٹرمینل کی تعمیر اور آپریشنز کیلئے بہترین فنانشل و آپریشنل ماڈل تیار کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیر اور اسکو آپریشنل بنانے کیلئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل بس ٹرمینل کی تعمیر سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئینگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔