Monday, March 16, 2026
ہومبریکنگ نیوزپاکستان کے خام تیل سے لدے آئل ٹینکر نے آبنائے ہرمز عبور کرلیا: بلوم برگ

پاکستان کے خام تیل سے لدے آئل ٹینکر نے آبنائے ہرمز عبور کرلیا: بلوم برگ

بین الاقوامی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ خام تیل سے لدا ایک آئل ٹینکر آبنائے ہرمز عبور کرکے پاکستان کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔

بلوم برگ نے پیر کو ایک رپورٹ میں جہازوں کی نقل و حرکت کے ڈیٹا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے زیرِ کنٹرول آئل ٹینکر ’کراچی‘ نے اتوار کے روز خطرات سے بھرپور سفر کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو عبور کیا۔

رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح پاکستان کے پرچم بردار ’افرا میکس‘ ٹینکر کو عمان کے شہر صحار کے قریب سمندری حدود میں دیکھا گیا۔

بلوم برگ کے مطابق پی این ایس سی اور پاکستان کی وزارتِ پیٹرولیم نے اس حوالے سے تبصرے کی درخواست اور سوالات پر فوری ردعمل نہیں دیا۔

شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق 2022 میں تیار کیا گیا آئل ٹینکر کراچی آبنائے ہرمز عبور کرتے ہوئے ایران کے جزیرے لارک کے اطراف سے گزرا، بعد ازاں یہ ایران کے ساحل کے قریب مشرق کی جانب سفر کرتا رہا اور اتوار کی شام آبنائے ہرمز عبور کر گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر جہاز بھی زیادہ تر ایران کی جانب والے راستے کا استعمال کرتے دکھائی دیے۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے ردعمل میں امریکا اور اتحادیوں کو معاشی نقصان پہنچانے کی کوششوں کے باعث اس تنگ آبی گزرگاہ میں نقل و حرکت محدود ہو چکی ہے۔ دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل اور ایل این جی کی ترسیل آبنائے ہرمز سے ہوتی ہے۔

اس آبی گزرگاہ کی بندش اور جہازوں پر حملوں کے خوف کے باعث اس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔