راولپنڈی (سب نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ، مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورت حال و آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے شہدا کی قربانیوں کو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد قرار دیا۔فیلڈ مارشل کو سیکیورٹی ماحول، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی ،آپریشن غضب لِلحق اور پاک افغان سرحدی پیش رفت پربھی تفصیلی بریفنگ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات و گفتگو کی ۔فیلڈ مارشل نے پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا،جاری جھڑپوں کے دوران افواج کی ثابت قدمی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی تحسین کی اور کہا کہ افغان سرزمین کا فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال ناقابل قبول ہے۔
فیلڈ مارشل نے سرحد پار سے درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ امن اسی صورت ممکن جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں۔ انہوں نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، باہمی ہم آہنگی اور استقامت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ، وانا آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔
